Monday, April 25, 2016

مولانا محمد قاسم نانوتوی اور تحذیر الناس





مولانا محمد قاسم نانوتوی کسی تعارف کے محتاج نہیں ، مولانا اپنی گہری علمی قابلیت کی وجہ سے نا صرف ہندوستان بلکہ ہندوستان سے باہر بھی معروف تھے ، آج بھی دیوبندی مسلک کے بڑے بزرگ شمار کیے جاتے ہیں ، ان کی ایک نامور کتاب تحذیر الناس اصل میں ان کی مقبولیت کی وجہ بنی ، جس میں آیت خاتم النبیین اور اثر ابن عباس پر نہایت علمی بحث فرمائی ، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اہلِ علم تو ان کی علمی قابلیت کے اور بھی معترف ہو گئے لیکن بعض ایسے علماء جو محض پرانی تفسیروں اور اپنے مسلک کے بزرگوں کو ذریعہ نجات سمجھتے ہیں ، ایسے علماء نے اس کتاب کی وجہ سے مولانا صاحب پر کفر کے فتویٰ کا بازار گرم کر دیا ۔ کتاب کا بنیادی نکتہ اس بات کے گرد گھومتا ہے کہ آنحضرت ﷺ نہ صرف خاتم النبیین ہیں بلکہ باقی انبیاء کی نبوت بھی ظلی ہے اور اصل مصدر آنحضرت ﷺ ہی ہیں ، خاتم النبیین کی یہی تفسیر جماعت احمدیہ کرتی ہے تو ان پر قادیانی کافر کے نعرے بلند کیے جاتے ہیں ، حضرت مولوی محمد قاسم صاحب نے ایک قطعی اور اصولی فیصلہ یہ فرمایا ہے کہ قرآن مجید میں لفظ خاتم النّیین رسول مقبول ﷺ کے لئے مقامِ مدح میں استعمال ہواہے اور مقامِ مدح میں اس لفظ کا استعمال افضل النّبیین کے معنوں میں ہی مستعمل قرارپاسکتا ہے فضیلت کو تقدم یا تأخر زمانی سے کچھ واسطہ نہیں۔
مولانا تحریر فرماتے ہیں:۔ 
 ’’اوّل معنی خاتم النّبیین معلوم کرنے چاہئیں تاکہ فہم جواب میں کچھ دقت نہ ہو۔ سو عوامؔ کے خیال میں تو رسول اللہ صلعم کا خاتم ہونا بایں معنی ہے کہ آپ کا زمانہ انبیاء سابق کے زمانہ کے بعد اور آپ ؐ سب میں آخر نبی ہیں مگر اہل فہم پر روشن ہوگا کہ تقدم یا تأخر زمانی میں بالذات کچھ فضیلت نہیں پھر مقامِؔ مدح میں ولٰکن رسُول اللہ وخاتم النّبیین فرمانا اس صورت میں کیونکر صحیح ہوسکتاہے؟ ہاں اگر اس وصف کو اوصافِ مدح قرار نہ دیجئے تو البتہ خاتمیّت باعتبار تأخر زمانی صحیح ہوسکتی ہے مگر مَیں جانتا ہوں کہ اہل اسلام میں سے کسی کو یہ بات گوارا نہ ہوگی۔‘‘ (تحذیر النّاس ص۳)
خاتم کے مطلب کو واضح کرنے کے لیے بادشاہ کی مثال دیتے ہوئے فرماتے ہیں ۔
’’جب یہ دیکھا جاتا ہے کہ علم سے اوپر کوئی ایسی صفت نہیں جس کو عالم سے تعلق ہو تو خواہ مخواہ اس بات کا یقین پیدا ہوجاتا ہے کہ حضرت رسول اللہ ﷺ پر تمام مراتبِ کمال اسی طرح  ختم ہوگئے جیسے بادشاہ پر مراتبِ حکومت ختم ہوجاتے ہیں۔ اس لئے جیسے بادشاہ کو خاتمؔ الحکام کہہ سکتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ کو خاتم ؔ الکاملین اور خاتمؔ النّبیین کہہ سکتے ہیں۔‘‘
 (رسالہ حجۃ الاسلام شائع کردہ کتب خانہ رحیمیہ دیوبند ص۴۵)
 ’’سوائے آپ کے اور کسی نبی نے دعویٰ خاتمیت نہ کیا بلکہ انجیل میں حضرت عیسٰی علیہ السلام کا یہ ارشاد کہ جہاں کا سردار آتا ہے خود اس بات پر شاہد ہے کہ حضرت عیسٰی خاتم نہیں۔ کیونکہ حسب اشارہ مثال خاتمیتِ بادشاہ خاتم وہی ہوگا جو سارے جہاں کا سردار ہو۔ اس وجہ سے ہم رسول اللہ ﷺ کو سب میں افضل سمجھتے ہیں۔ پھر یہ آپ کا خاتم ہونا آپ کے سردار ہونے پر دلالت کرتا ہے۔‘‘ (حجۃ ؔالاسلام ص۴۵۔۴۶)

مولانا نبی کے آنے کی مثال دیتے ہوئے فرماتے ہیں :
 ’’غرض اختتام اگر بایںؔ معنی تجویز کیا جاوے جو میں نے عرض کیا تو آپؑ کا خاتم ہونا انبیاء گذشتہ ہی کی نسبت خاص نہ ہوگا۔ بلکہ اگر بالفرض آپ کے زمانے میں بھی کہیں اور کوئی نبی ؔ ہو جب بھی آپ کا خاتمؔ ہونا بدستور باقی رہتا ہے۔ ‘‘ (تحذیرؔ الناس ص۱۴)
 ’’اگر خاتمیت ؔ بمعنی اتصافؔ ذاتی بوصف نبوت لیجئے۔ جیساکہ اس ہیچمدان نے عرض کیا ہے تو پھر سوا رسُول اللہ صلعم اور کسی کو افراد مقصود بالخلق میں سے مماثل نبوی صلعم نہیں کہہ سکتے بلکہ اس صورت میں فقط انبیاءؔ کے افرادخارجیؔ ہی پر آپ کی افضلیت ثابت نہ ہوگی۔ افراد مقدرہؔ پر بھی آپ کی افضلیت ثابت ہوجائے گی۔ بلکہ اگر بالفرض بعد زمانہ نبوی صلعیم بھی کوئی بنی پیدا ہوتوپھر بھی خاتمیت محمدی میں کچھ فرق نہ آئے گا۔ چہ جائیکہ آپ کے معاصر کسی اور زمین میں یا فرض کیجئے اسی زمین میں کوئی اور نبی تجویز کیا جائے۔‘‘ (تحذیرؔ الناس ص۲۸)
ان دو۲ عبارتوں سے واضح ہے کہ جو معنی حضرت مولانا محمد قاسم صاحب بانیٔ مدرسہ دیوبند خاتم النّبیین کے سجمھتے ہیں ان کے رُو سے آنحضرت ﷺ کے بعد کسی نبی کا پیدا ہونا بھی خاتمیت محمدیہ کے منافی نہیں کیونکہ یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ حضرت خاتم الانبیاء موصوف بوصف النّبوۃ بالذات ہیں ۔ اور آپ کے سوا کوئی اور نبی بالذات اس وصف سے نہ متصف ہوا ہے اور نہ ہوسکتا ہے۔ 

خاتمیت زمانی کا وہ عام مفہوم جو عوام کے خیال میں ہے حضرت مولانا محمد قاسم صاحب اس سے اتفاق نہیں فرماتے جیسا کہ تحذیرؔ الناس کے صفحہ ۳ پر آپ نے اس مفہوم کی واضح تردید فرمائی ہے۔ ہاں البتہ آپ نے آنحضرت ﷺ؍ کو ان معنوں میں خاتم زمانی قرار دیا ہے کہ آپ نے اور نبیوں کی شرائع کو منسوخ فرمایا مگر آپ کی شریعت ابدالآباد تک قائم رہے گی۔ چنانچہ تحریر فرماتے ہیں کہ:۔
’’خاتم مراتب نبوّت کے اوپرؔ اور کوئی عہدہ یا مرتبہ ہی نہیں ۔ جو ہوتا ہے اس کے ماتحتؔ ہوتا ہے اس لئے اس کے احکام اوروں کے احکام کے ناسخ ہوںگے۔ اوروں کے احکام اس کے ناسخ نہ ہوں گے۔ اور اسلئے یہ ضرور ہے کہ وہ خاتم زما نی بھی ہو۔‘‘
(مباحثہ ؔشاہجہانپور ص۲۵)
’’ آپ نے یہ ارشاد فرمایا کہ اگر حضرت موسٰیؑ بھی زندہ ہوتے تومیرا ہی اتباع کرتے۔ علاوہ بریں بعد نزول حضرت عیسٰیؑ کا آپ کی شریعت پر عمل کرنا اسی بات پر مبنی ہے۔‘‘ (تحذیرؔالناس ص۴)
قارئین کرام غور فرمائیں کہ مولانا محمد قاسم صاحب نے مباحثہؔ شاہجہانپور ص۲۵ کی مذکورہ بالا میں ’’ماتحت‘‘ صاحبِ عہدہ ومرتبہ کو خاتم مراتب نبوت کے منافی قرار نہیں دیا اور تحذیرؔ الناس ص۴ میں مسیح موعود کو شریعت محمدیہ پر عمل کرنے والا قرار دیاہے گویا آپ کے نزدیک آنحضرت ﷺ انہی معنوں میں خاتم زمانی ہیں کہ آپ کی شریعت آخری ہے اب جو آئے گا۔ وہ آپ کے ماتحتؔ ہوگا۔ اور آپ ؑکی شریعت کے تابع ہوگا۔ 

اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ مولانا حیات مسیح کے قائل تھے یا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو وفات یافتہ تسلیم کرتے تھے ، اس بارے مولانا کے یہ اقتباس واضح ثبوت ہیں کہ ان کے بزدیک ہر نبی وفات پا گیا ۔
(۱) ’’حضرت آدم علیہ السلام سے لیکرجس قدر انبیاءؔ ہوئے سب مرگئے جس قدر بادشاہ اس زمانہ سے پہلے ہوئے وہ سب مرگئے۔ بزور دین کوئی چھوٹتا تو انبیاء چھوٹتے ۔ اوربزور دنیا کوئی بچتا تو بادشاہ بچتے۔‘‘
(لطائف قاسمیہ مطبوعہ مطبع مجتبائی دہلی ص۲۲)
(۲) ’’اسی زمانے میں اگر حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت عیسٰی علیہ السلام بھی زندہ ہوتے تو ان کو چاروناچار رسول عربی ﷺ ہی کا اتباع کرنا پڑتا۔‘‘
(مباحثہؔ شاہجہانپور ص۳۳)

جماعت احمدیہ خاتم النّبیین کے معنوں اور تشریح میں اسی مسلک پر قائم ہے جو ہم نے بطور بالامیں جناب مولوی محمد قاسم صاحب نانوتوی کے حوالہ جات سے ذکر کیا ہے۔ زیادہ تفصیل کی گنجائش نہیں ۔ حضرت مسیح موعودؑ بانیٔ سلسلہ احمدیہ علیہ السلام کے ایک اقتباس پر اس مضمون کو ختم کرتے ہیں۔ حضورتحریر فرماتے ہیں :۔
’’عقیدہ کی رُو سے جو خدا تم سے چاہتا وہ یہی ہے کہ خدا ایک اور محمد ﷺ اس کی نبی ہے اور وہ خاتم الانبیاء ہے اور سب سے بڑھ کر ہے۔ اب بعد اس کے کوئی نبی نہیں مگر وہی جس پر بروزی طورسے محمدیت کی چادر پہنائی گئی کیونکہ خادم اپنے مخدوم سے جُدا نہیں اور نہ شاخ اپنی بیخ سے جُدا ہے پس جو کامل طور پر مخدوم میں فنا ہوکر خدا سے نبی کا لقب پاتا ہے وہ ختم نبوت کا خلل انداز نہیں جیسا کہ تم جب آئینہ میں اپنی شکل دیکھو تو تم دو نہیں ہوسکتے۔ بلکہ ایک ہی ہو اگرچہ بظاہر دونظر آتے ہیں۔ صرف ظلّ اور اصل کا فرق ہے سو ایسا ہی خدا نے مسیح موعود میں چاہا۔‘‘
(کشتیٔ نوح ص۲۲۔۲۳)

نوٹ : اس مضمون کے لیے ماہنامہ الفرقان کی اکتوبر 1964 کی اشاعت سے فائدہ اٹھایا گیا ہے ۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔